ڈاکٹر محمد گوہر کی وفات سے اردو صحافت کا ستون گر گیا، فاروق شیخ

تاثیر 6 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

قانون ساز کونسل کے رکن کا اظہارِ تعزیت، کہا: یہ صرف ایک شخصیت نہیں، ایک ادارے کا نقصان ہے
مظفر پور (نزہت جہاں)
ملک کی معروف اور باوقار صحافتی شخصیت، روزنامہ تاثیر اردو کے سرپرست و مدیر ڈاکٹر محمد گوہر کے اچانک انتقال پر تعزیتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں بہار قانون ساز کونسل کے رکن فاروق شیخ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد گوہر کی رحلت اردو صحافت کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے۔ فاروق شیخ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم نہ صرف ایک بے مثال صحافی تھے بلکہ ایک مضبوط ادارہ بھی تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی صحافت کے اصولوں، سچائی اور غیر جانبداری کے لیے وقف کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر گوہر نے جس طرح روزنامہ تاثیر اردو کو قومی سطح پر شناخت دلائی، وہ ان کی غیر معمولی صلاحیتوں اور بصیرت کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر محمد گوہر کی کمی صحافتی حلقوں میں طویل عرصے تک محسوس کی جائے گی، کیونکہ وہ نہ صرف ایک مدیر بلکہ نوجوان صحافیوں کے لیے رہنما اور مشعلِ راہ بھی تھے۔ ان کی خدمات اردو صحافت کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔ فاروق شیخ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو اس صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق دے۔ انہوں نے کہا کہ پوری صحافتی برادری اس غم کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔