گردوارہ شری گرو سنگھ سبھا میں پاکستانی گولہ باری سے جاں بحق افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا

تاثیر 7 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 07 مئی:آپریشن سندور کے بعد پاکستانی گولہ باری میں جان گنوانے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ضلع پونچھ کے گردوارہ شری گرو سنگھ سبھا میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی اور امن و امان کے قیام کے لیے دعا کی گئی۔شرکاء￿ نے سرحد پار سے شہری علاقوں اور مذہبی مقامات پر کی گئی گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین کو یاد کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال 7 مئی کی صبح بھارت کی جانب سے آپریشن سندور شروع کیے جانے کے فوراً بعد پونچھ ضلع میں پاکستانی توپ خانے اور مارٹر شیلنگ میں 12 افراد ہلاک جبکہ 34 زخمی ہوئے تھے۔آپریشن سندور کے تحت بھارت نے پہلگام دہشت گرد حملے کے جواب میں پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے نو ٹھکانوں کو نشانہ بنایا تھا۔
گردوارہ انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پاکستانی شیلنگ کے دوران گرودوارہ بھی نشانہ بنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ گرودوارے کے اندر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ بعد میں ایک شیل قریبی رہائشی مکانوں پر گرا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ متاثرین کی پہلی برسی کے موقع پر خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔