تاثیر 4 مئی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مظفرپور،( نزہت جہاں) کانٹی تھانہ علاقے کے لسگری پور پنچایت کے بجھیلا گاؤں میں خاتون اور اس کے دو معصوم بچوں کے قتل کے سنسنی خیز معاملے کا پولیس نے انکشاف کر دیا ہے۔ اس ہولناک واردات کو کسی اور نے نہیں بلکہ خاتون کے شوہر نے اپنی محبوبہ کے ساتھ مل کر انجام دیا تھا۔ پولیس نے ملزم شوہر سنتوش شاہ اور اس کی محبوبہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ دیہی ایس پی راجیش سنگھ پربھاکر کے مطابق 28 اپریل کو ایک ہی بستر پر خاتون اور اس کے دو بچوں کی لاشیں ملنے کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کی اور شواہد اکٹھا کیے۔ ابتدائی طور پر مقتولہ کے شوہر نے زمین کے تنازع کو بنیاد بنا کر اپنے رشتہ داروں پر قتل کا الزام عائد کیا تھا۔ تاہم تفتیش کے دوران پولیس کو شوہر کی کہانی پر شبہ ہوا۔ سخت پوچھ گچھ میں اس نے اپنا جرم قبول کر لیا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ سنتوش شاہ کا سال 2014 سے پڑوس کی ایک خاتون کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا۔ دونوں نے مل کر اپنے اپنے اہل خانہ کو ختم کر کے نئی زندگی شروع کرنے کی سازش رچی تھی۔ واقعہ کے دن سنتوش شاہ نے پہلے اپنی بیوی کو نشہ آور دوا دی اور کام پر جانے کا بہانہ بنا کر گھر سے نکل گیا۔ رات گئے واپس آ کر اس نے بیوی اور دو سالہ بیٹی کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا، جبکہ دو ماہ کے بیٹے کا منہ دبا کر اسے بھی ہلاک کر دیا۔ واردات کے بعد وہ موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کو ملزم کے موبائل فون سے محبوبہ کے ساتھ مسلسل بات چیت اور ویڈیو کال کے شواہد بھی ملے ہیں، جس سے سازش کی تصدیق ہوئی ہے۔پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

