تاثیر 26 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سان فرانسسکو، 26 جون: آسٹریلیا نے جمعہ کو گروپ ڈی میں پیراگوئے کے خلاف 0-0 سے ڈرا کرنے کے بعد فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آخری 32 میں اپنی جگہ محفوظ کرلی۔ اس نتیجے نے آسٹریلیا کی گروپ میں دوسری پوزیشن کو یقینی بنا دیا، جب کہ پیراگوئے کو اگلے راؤنڈ میں جانے کے لیے اب دوسرے میچوں کے نتائج کا انتظار کرنا ہوگا۔
سان فرانسسکو بے ایریا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے آغاز سے ہی آسٹریلیا نے جارحانہ انداز میں حملہ کیا۔ کوچ ٹونی پوپووچ نے ابتدائی گیارہ میں چھ تبدیلیاں کیں اورنیسٹوری ایرن کنڈا اور کرسچن وولپاٹو کو موقع دیا۔
میچ کے ابتدائی منٹوں میں جیکسن ارون کے پاس گول کرنے کااچھا موقع تھا لیکن پیراگوئے کے گول کیپر اورلینڈو گل نے شاندار بچاوکیا۔ اس کے بعدبھی جارڈن باس اور وولپاٹو نے کئی حملے کیے، لیکن آسٹریلوی ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی۔
پیراگوئے نے دوسرے ہاف میں واپسی کی کوشش کی۔ کوچ گستاوو الفارو نے موریسیو کو میدان میں اتارا، جبکہ جولیو اینسیسو نے آسٹریلیا کے دفاع کوتوڑنے کی مسلسل کوشش کی۔ تاہم 82ویں منٹ میں اینسیسو کا شاٹ گول پوسٹ سے باہرچلا گیا۔

