تاثیر 20 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مظفرپور:19/جون:(پریس ریلیز) بہار قانون ساز کونسل کے رکن اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر رہنما قاری صہیب نے ضلع مظفرپور کے مادھوپور سستا میں سونے کے معروف تاجر دیپک کمار گپتا کے دن دہاڑے قتل اور لوٹ مار کے واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے بہار میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال کا ایک خطرناک نمونہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بی جے پی قیادت والی حکومت میں جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے اس قدر بلند ہو چکے ہیں کہ اب لوگ اپنے گھروں اور کاروباری مراکز کے سامنے بھی محفوظ نہیں رہے۔
قاری صہیب نے کہا کہ دو روز قبل پیش آنے والا یہ افسوسناک واقعہ نہ صرف ایک بے گناہ شہری کے قتل کا معاملہ ہے بلکہ یہ ریاستی حکومت اور انتظامیہ کی ناکامی کا کھلا ثبوت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں قتل، لوٹ، ڈکیتی، اغوا اور دیگر سنگین جرائم کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، لیکن حکومت جرائم پر قابو پانے کے بجائے صرف دعووں اور تشہیر میں مصروف ہے۔انہوں نے بتایا کہ قائد حزبِ اختلاف تیجسوی یادو کی ہدایت پر آر جے ڈی کے ضلعی صدر رمیش گپتا کی قیادت میں پارٹی کے ایک وفد نے مقتول کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے تعزیت کا اظہار کیا اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس دوران سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے بھی رابطہ قائم کر کے مجرموں کی فوری گرفتاری اور سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دی گئی۔
قاری صہیب نے کہا کہ متاثرہ خاندان نے وفد کو بتایا کہ علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کا خوف اس قدر بڑھ گیا ہے کہ باشندے خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ تاجروں، کاروباری افراد اور عام باشندوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے، جبکہ انتظامیہ جرائم کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔انہوں نے بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ “ڈبل انجن سرکار” کے دعووں کے باوجود بہار میں جرائم کا گراف مسلسل بلند ہو رہا ہے۔ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی جان و مال کا تحفظ ہونا چاہیے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج بہار میں قانون کی حکمرانی کمزور اور مجرموں کا خوف زیادہ نظر آتا ہے۔ اگر حکومت واقعی جرائم پر قابو پانے میں سنجیدہ ہے تو اسے محض بیانات دینے کے بجائے زمینی سطح پر مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔قاری صہیب نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس قتل کے تمام ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے فاسٹ ٹریک عدالت میں مقدمہ چلایا جائے تاکہ مقتول کے اہل خانہ کو جلد انصاف مل سکے۔نہوں نے مقتول دیپک کمار گپتا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آر جے ڈی اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف کے حصول تک اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔وفد میں کڑھنی اسمبلی حلقہ سے آر جے ڈی کے سابق امیدوار ببلو کشواہا، ضلعی پرنسپل جنرل سکریٹری سدھیر یادو، مادھوپور نگر پنچایت کے صدر محمد سیف علی، راجد بلاک صدر خورشید عالم، ضلعی نائب صدر جتیندر کشور، آر جے ڈی اقلیتی سیل مظفرپور کے ضلعی صدر محمد سجاد، وکاس ساہنی، نوجوان آر جے ڈی رہنما جتیندر یادو، انور عالم، نور عالم، خواتین سیل کی ضلعی صدر ریکھا رانی، ہری ونش رائے، احسان صدیقی، محمد سہیل اور دیگر متعدد سینئر رہنما شامل تھے۔

