بی ایم برلا ہارٹ ہاسپٹل میں روبوٹک کارڈیک سرجری کا آغاز

تاثیر 17 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 16/ جون (تاثیر بیورو) سی کے برلا ہاسپٹل کے تحت بی ایم برلا ہارٹ ہاسپٹل، کولکاتا نے دل کے پیچیدہ امراض کے علاج میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے روبوٹک اسسٹڈ کارڈیک سرجری کا آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس میں اسپتال انتظامیہ، ماہرینِ امراضِ قلب اور ان مریضوں نے شرکت کی جن کا کامیاب روبوٹک آپریشن کیا جا چکا ہے۔
اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے روایتی اوپن ہارٹ سرجری کے بجائے چھوٹے چیروں کے ذریعے آپریشن کیا جاتا ہے، جس سے خون کا کم ضیاع، کم درد، زخموں کے خطرات میں کمی اور مریض کی تیز تر صحت یابی ممکن ہوتی ہے۔
اس تعلق سے روبوٹک کارڈیک سرجن ڈاکٹر سومیا گہا نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی سے پیچیدہ سرجریوں میں غیر معمولی درستگی حاصل ہوتی ہے اور مریضوں کی بحالی کا عمل روایتی سرجری کے مقابلے میں زیادہ بہتر ثابت ہو رہا ہے۔ جبکہ کارڈیک سرجری کے ڈائریکٹر ڈاکٹر منوج ڈاگا کے مطابق اب مشرقی ہندوستان کے مریضوں کو جدید روبوٹک دل کی سرجری کے لیے دور دراز شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے بی ایم برلا ہارٹ ہاسپٹل خطے میں پیچیدہ قلبی امراض کے علاج کے ایک اہم ریفرل سینٹر کے طور پر مزید مستحکم ہوگا۔