سیبی نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر بھرتی کا عمل شروع کیا، 25 جولائی تک درخواستیں طلب

تاثیر 29 جون ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 29 جون : سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر بھرتی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ سیبی نے اس عہدے کے لیے 25 جولائی تک درخواستیں طلب کی ہیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری 3 سال کی مدت کے لیے ڈیپوٹیشن یا معاہداتی بنیاد پر کی جائے گی۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ کی جانب سے جاری اطلاع کے مطابق، معاہداتی بنیاد پر درخواست دینے والے امیدوار کے پاس ایم بی اے، سی اے، سی ایس، ایل ایل بی یا معاشیات، مالیات یا سیبی کی جانب سے متعلقہ تصور کیے جانے والے کسی دوسرے مضمون میں پوسٹ گریجویٹ ڈگری ہونا ضروری ہے۔ امیدوار کے پاس شیئر بازار سے متعلق معاملات میں کم از کم 20 سال کا تجربہ یا قانون، تفتیش، مالیات، معاشیات اور اکاؤنٹنگ جیسے شعبوں میں خصوصی مہارت یا تجربہ ہونا بھی لازمی ہے۔