تاثیر 11 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بنگلورو، 11 جولائی: بنگلورو میں کامکشی پالیہ پولیس اسٹیشن کی حدود کے تحت کوٹی گیپلیہ میں ہفتہ کی صبح ایک سنسنی خیز واقعہ سامنے آیا۔ ایک 34 سال کے شخص نے اپنی ماں، نانی اور ماموں کو تیز دھار ہتھیار سے قتل کرنے کے بعد اپنے گھر کے کمرے میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فارنسک اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی۔
مہلوکین کی شناخت ملزم کی ماں منگلما، نانی ننجما اور ماموں ستیش کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ ملزم کی شناخت پرشانت کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ واقعہ ہفتہ کی صبح تقریبا 8:30 بجے اس وقت پیش آیا جب خاندان کے سربراہ چکنا معمول کے مطابق کام پر گئے تھے۔ اس وقت گھر میں پرشانت سمیت کل چارافراد موجود تھے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق، پرشانت نے پہلے اپنے ماموں ستیش پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا۔ اس نے اپنی ماں منگلما اور نانی ننجما کو بھی چاقو گھونپ دیا۔ تینوں شدید زخمی ہو گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس کے بعد پرشانت نے گھر کے ایک کمرے میں پھانسی لگا کر خودکشی کر لی۔

