بی جے پی ترجمان شہزاد پوناوالا نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے پارٹی سے استعفی دیا

تاثیر 31 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 31 جولائی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی ترجمان شہزاد پوناوالا نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے اپنے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے استعفی دے دیا ہے۔ ابھی تک پارٹی سے ان کے استعفے پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
شہزاد پوناوالا ہندوستانی سیاست میں ایک جانا پہچاناچہرہ رہے ہیں۔ اس سے پہلے وہ کانگریس پارٹی میں تھے۔ 2017 میں انہوں نے کانگریس صدر کے انتخاب کے عمل پر سوال اٹھایا۔ اس وقت انہوں نے الزام لگایا تھا کہ راہل گاندھی کے خلاف مقابلہ کرنے کے لیے کسی دوسرے امیدوار کو حقیقی موقع نہیں دیا جا رہا اور انتخابی عمل پہلے سے طے شدہ تھا۔ بعد میں انہوں نے کانگریس چھوڑ دی۔
کانگریس سے علیحدگی کے بعد، شہزاد پوناوالا نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی اور پارٹی کے قومی ترجمان کی حیثیت سے مختلف سیاسی اور موجودہ مسائل پر پارٹی کی نمایاں نمائندگی جاری رکھی۔ وہ ٹی وی مباحثوں اور پریس کانفرنسوں میں بی جے پی کے نمایاں چہروں میں سے ایک رہے ہیں۔
اب ان کے استعفے کے بعد سیاسی حلقوں میں اس فیصلے پر بحث تیز ہو گئی ہے۔ تاہم، انہوں نے اپنے استعفے کے پیچھے صرف ذاتی وجوہات کا حوالہ دیا ہے اور فی الحال مستقبل کے سیاسی کردار کا اشارہ نہیں دیا ہے۔