تاثیر 25 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 25 جولائی:مغربی بنگال اسمبلی میں ہفتہ کے روز وزیر اعلیٰ شبھیندو ادھیکاری نے ایک اہم انتظامی فیصلہ سناتے ہوئے ترنمول کانگریس کے دورِ حکومت میں مختلف تنازعات میں گھرے کئی پولیس افسران کو معطل کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام معاملات کی تفصیلی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں گی اور جو بھی افسر قصوروار پایا گیا، اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔وزیر اعلیٰ نے جنوبی 24 پرگنہ کے کاک دوِیپ میں دیوی کالی کی مورتی توڑے جانے کے واقعے کے بعد پولیس کی لاٹھی چارج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت سندر بن پولیس ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) رہے آئی پی ایس کوٹیشور راؤ کی قیادت میں 500 سے زائد پولیس اہلکاروں نے احتجاج کرنے والے مقامی افراد پر طاقت کا استعمال کیا تھا اور مورتی کو جیل وین میں منتقل کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں کوٹیشور راؤ کو معطل کر دیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ کالیہ گنج میں نویں جماعت کی ایک نابالغ طالبہ کے مبینہ عصمت دری اور قتل کے مقدمے کی تحقیقات کو متاثر کرنے کے الزام میں اس وقت کے تھانہ انچارج معاذین حسین کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

