تاثیر 15 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفیٰ) سنگھواڑہ بلاک علاقے میں محکمۂ صحت کی خستہ حال اور ناقابلِ استعمال عمارتوں کو جلد مسمار کیا جائے گا۔ ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) کی ہدایت پر بدھ کے روز محکمہ تعمیرات کے جونیئر انجینئر (جے ای) اوپیندر کمار نے مختلف صحت مراکز کی خستہ حال عمارتوں کا معائنہ کیا اس موقع پر انچارج میڈیکل آفیسر (ایم او آئی سی) ڈاکٹر پریم چند پرساد اور ہیلتھ منیجر جمیل احمد بھی موجود تھے۔ معائنہ کے دوران سنگھواڑہ بلاک ہیڈکوارٹر میں واقع پرانی رہائشی عمارتوں، کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) کے احاطے میں موجود پرانی رہائشی عمارتوں اور بیت الخلا، ہری ہرپور اے پی ایچ سی کی تمام رہائشی عمارتوں، بستواڑہ اور سڑھواڑہ ہیلتھ سب سینٹر، نیز یو ایچ ڈبلیو سی بھرواڑہ کی خستہ حال عمارتوں کا جائزہ لیا گیا ایم او آئی سی ڈاکٹر پریم چند پرساد نے بتایا کہ خستہ حال عمارتوں کی فہرست پہلے ہی سول سرجن کو بھیج دی گئی تھی۔ اسی کی بنیاد پر ضلع مجسٹریٹ نے محکمہ تعمیرات کو ان عمارتوں کا معائنہ کرکے انہدام (مسماری) کے لیے ٹینڈر جاری کرنے کی ہدایت دی ہےانہوں نے بتایا کہ بلاک ہیڈکوارٹر میں بی ڈی او رہائش گاہ کے اطراف محکمۂ صحت کی کئی پرانی عمارتیں موجود ہیں، جو اب مکمل طور پر خستہ حال ہو چکی ہیں اور استعمال کے قابل نہیں رہیں۔ ڈاکٹر پریم چند پرساد نے مزید بتایا کہ سنگھواڑہ بلاک ہیڈکوارٹر کے قریب نئے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) کی عمارت کی تعمیر کے لیے تجویز تیار کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ڈاکٹروں اور دیگر صحت کارکنوں کے لیے رہائشی عمارتوں کی تعمیر کی تجویز بھی جلد حکومت کو بھیجی جائے گی

