’کھوسلہ کا گھوسلہ 2‘ میں دیویہ کھوسلہ کی باضابطہ انٹری

تاثیر 28 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 28 جولائی:سال 2006 کی مقبول فلم’کھوسلہ کا گھوسلہ‘ کے سیکوئل ’کھوسلہ کا گھوسلہ 2‘ میں اداکارہ دیویہ کھوسلہ کی باضابطہ انٹری ہو گئی ہے۔ ٹی سیریز فلمز اور تانڈو فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم میں ایک بار پھر کھوسلہ خاندان کی دلچسپ اور مزاحیہ کہانی بڑے پردے پر پیش کی جائے گی۔ حالیہ برسوں میں ’ساوی‘ اور’ایک چتور نار‘ جیسی فلموں میں اپنی اداکاری سے دادبٹورنے والی دیویہ کھوسلہ اب اس مقبول فلمی سلسلے کا حصہ بن کر شائقین کو محظوظ کرتی نظر آئیں گی۔
فلم کے پہلے حصے کے کئی معروف اداکار اپنی سابقہ کرداروں میں واپسی کر رہے ہیں، جن میں انوپم کھیر، بومن ایرانی، رنویر شوری، پروین ڈباس، تارا شرما اور کرن جنیجہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دیویہ کھوسلہ کے ساتھ روی کشن، نشانت ورما، کنگن بروآ نانگیا اور دانش اقبال بھی نئی کاسٹ کے طور پر فلم میں شامل ہوئے ہیں۔ فلم سازوں کے مطابق نئے فنکار کہانی میں تازگی اور نیا رنگ بھرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔