تاثیر 26 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ( محمد مصطفیٰ) سنگھواڑہ بلاک کی کٹاسا پنچایت کے پنچایت بھون احاطے میں اتوار کے روز پنچایت وکاس دیوس کے موقع پر گرام سبھا کا انعقاد مکھیا رمیش کمار کی صدارت میں کیا گیا۔ اجلاس میں پنچایت کے ترقیاتی کاموں، عوامی مسائل اور آئندہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا پروگرام کا آغاز وزیر اعظم کے ریڈیو پروگرام من کی بات سننے سے ہوا۔ مکھیا رمیش کمار نے پنچایت وکاس دیوس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر ماہ کے آخری اتوار کو منعقد ہونے والا یہ پروگرام دیہی باشندوں کو پنچایت کی مختلف اسکیموں سے جوڑنے اور ان کے مسائل کے مؤثر حل کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے عوام سے گرام سبھا میں زیادہ سے زیادہ شرکت کرنے کی اپیل بھی کی۔ اجلاس کے دوران نائب مکھیا شیخ پان بابو نے برہم پورا گاؤں میں نالے کی تعمیر کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اسے پنچایت کی ترجیحی اسکیم میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی۔ اسی دوران کچرا انتظام (ویسٹ مینجمنٹ) کے کام سے وابستہ ملازمین نے گزشتہ چھ ماہ سے اعزازیہ (ماندے) کی ادائیگی نہ ہونے کی شکایت کی۔ انہوں نے کچرا جمع کرنے کے لیے استعمال ہونے والے ڈسٹ بن کے ٹوٹ جانے اور ٹھیلہ گاڑی کی مرمت و دیکھ بھال کے لیے مناسب وسائل فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا دیہی باشندے سشیل ساہ نے وارڈ نمبر 10 میں سڑک کی ڈھلائی اور وارڈ نمبر 11 میں نالے کی تعمیر شروع کرانے کی تجویز پیش کی شکیلہ خاتون نے وارڈ نمبر 6 میں تعمیر شدہ نالے کے دونوں جانب تجاوزات کی وجہ سے پانی کی نکاسی متاثر ہونے کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے تجاوزات ہٹانے اور نالے کو منظم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر روزگار سیوک مرتیونجے، ایگزیکٹو اسسٹنٹ، صفائی سپروائزر رتک کمار، ونشو چوپال، ہزاری سہنی، چھوٹے لال پاسوان، سنجے شرما، محمد آزاد سمیت بڑی تعداد میں دیہی باشندے موجود تھے

