تاثیر 17 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 17 جولائی: دہلی کی وزیر اعلی ریکھا گپتا نے ہندوستان کی پہلی مقامی ہائیڈروجن ٹرین کے آغاز پر تمام ہریانوی باشندوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی کامیابی نہ صرف ہریانہ بلکہ پورے ملک کے لیے فخر، عزم اور خود اعتمادی کا لمحہ ہے۔
وزیر اعلی ریکھا گپتا نے جمعہ کو ایکس پر پوسٹ کیے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ان کے لیے ایک خاص جذباتی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ان کا بچپن ہریانہ کے جند میں گزرا ہے اور اسی سرزمین سے آج ہندوستان کے مستقبل کا ایک نیا سفر شروع ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جند سے ہائیڈروجن ٹرین ترقی یافتہ ہندوستان کی رفتار، عزم اور صلاحیت کی علامت ہے۔ریکھا گپتا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں ہندوستان اختراع، خود انحصاری اور سبز توانائی کے ایک نئے دور کی قیادت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈروجن ٹرین کا آغاز ملک کی صاف ستھری اور پائیدار نقل و حمل کی طرف ایک اہم قدم ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ دہلی حکومت، وزیر اعظم کی قیادت میں، میٹرو کی توسیع، برقی بسوں، ای وی انفراسٹرکچر اور صاف ستھری پبلک ٹرانسپورٹ کو فروغ دے کر ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو بھی مضبوط کر رہی ہے۔

