تاثیر 1 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دہرادون ، یکم جولائی: اتراکھنڈ مائنارٹی ایجوکیشن اتھارٹی (یو ایس اے ایم ای) بدھ سے اتراکھنڈ میں نافذ ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی اتراکھنڈ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ ایکٹ اور غیر سرکاری عربی فارسی مدرسہ ریکگنیشن رولز کو ختم کر دیا گیا۔ نئے نظام کے تحت ریاست کے 452 رجسٹرڈ مدارس سمیت تمام اقلیتی تعلیمی اداروں کو مقررہ ضوابط کے مطابق تسلیم حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بدھ کو جاری کردہ ایک پوسٹ میں لکھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ریاستی حکومت ایک جدید ، شفاف ، معیاری اور جوابدہ تعلیمی نظام کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیا نظام تمام اقلیتی تعلیمی اداروں کے لیے یکساں اور شفاف ایکریڈیشن سسٹم کو یقینی بنائے گا اور تعلیم کے معیار اور جوابدہی کو مضبوط کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد ریاست کے بچوں کو جدید تعلیم، سائنس ، ٹکنالوجی ، ہنر مندی اور ہندوستانی زندگی کی اقدار سے بااختیار بنانا ہے، تاکہ وہ ایک ترقی یافتہ اتراکھنڈ اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں موثر کردار ادا کر سکیں۔

