بین الریاستی چور گینگ کا پردہ فاش، قتل سمیت سات چوری کے معاملات کا انکشاف، چار گرفتار

تاثیر 16 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کشن گنج،16 جولائی(محمد شاداب غیور): کشن گنج پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بین الریاستی چور گینگ کا پردہ فاش کر دیا ہے۔ پولیس نے گینگ کے سرغنہ سمیت بہار اور مغربی بنگال کے چار شاطر چوروں کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والی لوہے کی راڈ، موبائل فون، بڑی مقدار میں سونے اور چاندی کے زیورات، پیتل کے برتن اور دیگر چوری شدہ سامان برآمد کیا گیا ہے۔ اس کارروائی سے ضلع میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والی کئی چوری کی وارداتوں کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہری موہن شکلا نے بتایا کہ 15 مئی 2026 کو کُرلی کوٹ تھانہ علاقہ کے گاؤں بھیس لوٹی میں دربھنگہ سے اپنے دیور کی شادی میں آئی خاتون گیتا دیوی کے قتل کا معاملہ پولیس کے لیے ایک بڑا چیلنج تھا۔ ابتدائی شکایت میں مقتولہ کے بھائی نے اس کے شوہر ومل پاسوان پر مارپیٹ کے بعد چاقو سے قتل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرائی تھی، لیکن پولیس نے تکنیکی تحقیقات، سائنسی شواہد اور گہرائی سے کی گئی تفتیش کی بنیاد پر اس قتل کی گتھی سلجھا لی۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان چوری کی نیت سے گھر میں داخل ہوئے تھے اور جب گیتا دیوی نے مزاحمت کی تو انہوں نے لوہے کی راڈ سے حملہ کر کے ان کا قتل کر دیا۔ پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والی تالا توڑنے کی لوہے کی راڈ اور موبائل فون بھی برآمد کر لیا ہے۔ اس مقدمے میں دو چوروں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم نور عالم عرف نذیر کی نشاندہی پر پولیس نے سخانی، پوآکھالی، کُرلی کوٹ، پوٹھیا اور ٹھاکرگنج تھانہ علاقوں میں گھروں اور مندروں میں ہونے والی چوری کے مجموعی طور پر سات مقدمات کا بھی کامیاب انکشاف کیا۔ اس کے بعد گینگ کے مزید تین ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے سونے اور چاندی کے زیورات، پیتل کے برتن اور دیگر قیمتی چوری شدہ سامان برآمد کیا گیا ہے۔ قائم مقام ایس پی ہری موہن شکلا نے کہا کہ قتل کے اس سنسنی خیز مقدمے کو سلجھانے، بین الریاستی چور گینگ کی گرفتاری، چھاپہ ماری اور چوری شدہ سامان کی برآمدگی میں نمایاں کردار ادا کرنے والی ایس آئی ٹی ٹیم کے پولیس افسران اور اہلکاروں کو انعام سے نوازا جائے گا۔ پولیس کی اس کارروائی کو ضلع میں جرائم پر قابو پانے کی سمت ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔