تاثیر 31 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہرسہ(سالک کوثر امام) ضلع کے تحت نگر پریشد سمری بختیار پور کے چودھری ٹولہ سے دو حقیقی بہنوں کے لاپتہ ہونے کے واقعے کے بعد منعقدہ دھرنے میں مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقریر کرنے کے الزام میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے “یوا کرانتی” کے سرپرست کھگیش کمار کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب تقریباً ایک بجے چھاپہ مار کر بھٹپورہ گاؤں، سمری بختیارپور سے انہیں حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق چند روز قبل چودھری ٹولہ سے دو کم سن بہنوں کے لاپتا ہونے کے بعد عوامی غم و غصے کے پیش نظر ایک احتجاجی دھرنا منعقد کیا گیا تھا۔ الزام ہے کہ اسی دھرنے کے دوران کھگیش کمار نے ایسا بیان دیا جو امن و امان کے لیے نقصان دہ اور اشتعال انگیز تھا۔
سمری بختیارپور کے ایس ڈی پی او مکیش کمار ٹھاکر کے مطابق دھرنے کی ویڈیو ریکارڈنگ اور دیگر دستیاب شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ شواہد کی تصدیق کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے واضح کیا کہ لاپتا ہونے والی دونوں بہنوں کو اس سے قبل ہی بحفاظت برآمد کر لیا گیا تھا۔ تاہم احتجاج کے دوران مبینہ اشتعال انگیز تقریر کے معاملے میں قانونی کارروائی جاری رکھی گئی، جس کے نتیجے میں یہ گرفتاری عمل میں آئی۔
ایس ڈی پی او مکیش کمار ٹھاکر نے کہا کہ دھرنے کے دوران دی گئی مبینہ اشتعال انگیز تقریر کے سلسلے میں ویڈیو اور دیگر شواہد کی جانچ کے بعد قانونی کارروائی کی گئی ہے۔ گرفتار ملزم کے خلاف ضابطے کے مطابق مزید کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون و امن سے کھلواڑ کرنے والے کسی بھی شخص کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی۔

