ضلع سطحی تقریری مسابقے میں نظیرہ حسن نے اول انعام حاصل کیا

تاثیر 5 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

حاجی پور/ ویشالی (شرافت خان): ضلع سطح پر منعقدہ تقریری مسابقے میں پی کے جھا ہائی اسکول، حاجی پور کی دسویں جماعت کی ہونہار طالبہ نظیرہ حسن بنت عارف حسن وسطوی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میٹرک/مساوی زمرے میں اول انعام حاصل کیا۔یہ مسابقہ گزشتہ روز نگر پریشد ہال، حاجی پور میں اردو ڈائرکٹوریٹ، محکمہ کابینہ سکریٹریٹ، حکومتِ بہار کے زیرِ اہتمام ضلع سطحی طلبہ حوصلہ افزائی پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا، جس میں میٹرک، انٹر اور بی اے/مساوی کے طلبہ و طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔ نمایاں کامیابی پر نو نامزد اسسٹنٹ آئی اے ایس جناب انوراگ ترپاٹھی اور الیکشن افسر محترمہ زیبا پروین نے نظیرہ حسن کو توصیفی سند اور میڈل پیش کرکے اعزاز سے نوازا۔ اس کامیابی پر ان کے دادا انوار الحسن وسطوی، نانا انیس الرحمن، دادی، نانی اور دیگر اہلِ خانہ و عزیز و اقارب نے دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔ تعلیمی و سماجی حلقوں کی ممتاز شخصیات، جن میں پروفیسر ظفیر الدین انصاری، پروفیسر حسن رضا، پروفیسر آفتاب عالم اور پروفیسر منظور حسن شامل ہیں، نے بھی نظیرہ حسن کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ نظیرہ حسن پی کے جھا ہائی اسکول، حاجی پور کی دسویں جماعت کی طالبہ ہیں۔ اہلِ خانہ نے قارئین سے بھی ان کی علمی و عملی کامیابیوں اور روشن مستقبل کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔