کوہلی اور گمبھیر کے درمیان کسی برج کی ضرورت نہیں: سیتانشو کوٹک

تاثیر 17 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کارڈف، 17 جولائی :ہندوستان کے بلے بازی کوچ سیتانشوکوٹک نے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیراوراسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کے درمیان اختلافات کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان باقاعدہ بات چیت ہوتی ہے اورانہیں کسی ثالث کی ضرورت نہیں ہے۔
انگلینڈ کے خلاف دوسرے یک روزہ میچ میں ہندوستان کی چار وکٹ سے شکست کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں کوٹک نے واضح کیا کہ پریکٹس سیشن کے دوران وراٹ کوہلی سے ان کی بات چیت صرف بلے بازی سے متعلق تکنیکی پہلووں پر تھی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ گوتم گمبھیراور وراٹ کوہلی کے درمیان رابطے کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں، تو کوٹک نے کہا، ’’نہیں، وراٹ اور گوتم آج ہی شاید 12-10 بار بات کر چکے ہوں گے۔ مجھے نہیں لگتا کہ انہیں کسی برج کی ضرورت ہے‘‘۔
کوٹک نے بتایا کہ وراٹ نے خود بلے بازی سے متعلق کچھ پہلووں پر ان سے گفتگو کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اتنے تجربہ کار بلے باز کو بلا ضرورت تکنیکی مشورہ دینا مناسب نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا، ’’وراٹ بلے بازی کے لیے جانے سے پہلے کچھ چیزوں پر بات کرنا چاہتے تھے۔ ایمانداری سے کہوں تو جب تک انہیں خود کسی بات کی ضرورت محسوس نہ ہو یا کوئی بڑا تکنیکی پہلو نظر نہ آئے، تب تک ان کی بلے بازی میں زیادہ دخل اندازی نہیں کرنی چاہیے۔ انہوں نے فٹ ورک اور کچھ دیگر پہلووں کو لے کر مجھ سے گفتگو کی تھی اور نیٹس کے بعد بھی اسی موضوع پر بات ہوئی‘‘۔