تاثیر 24 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) روہتاس ضلع کروندیا پولس اسٹیشن کمپلیکس میں بہار اسپیشل آرمڈ پولس (BSAP-1) کی بیرکوں میں تعینات ایک کانسٹیبل کشور رانا نے اپنی ہی سروس کاربائن سے خود کو گولی مار لی، وہ جھارکھنڈ رانچی کے ڈورنڈا کے رہنے والے تھے ۔ انھیں حال ہی میں کروندیا پولس اسٹیشن کمپلیکس میں بی ایس اے پی -1 کیمپ میں تعینات کیا گیا تھا ۔ بتایا گیا ہے کہ آج متذکرہ کانسٹیبل اپنی بیرک کی چھت پر گئے اور اپنی ہی سروس کاربائن سے اپنے سر کے دائیں جانب گولی مار لی، جو موقع پر ہی فوت کر گئے ۔ گولی چلنے کی آواز سن کر دیگر کانسٹیبل اور پولس جائے وقوعہ پر پہنچے اور انہیں خون میں لت پت پایا جس سے پورے کمپلیکس میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کروندیا پولس اسٹیشن اور روہتاس پولس کے سینئر افسران جائے وقوعہ پر پہنچے، جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور سروس کاربائن کو ضبط بھی کرلیا ۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سہسرام صدر اسپتال بھیج دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ انکی موت سر پر گولی لگنے سے ہوئی ہے ۔ پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر سنجے کمار نے بھی بتایا کہ انکی موت سر پر گولی لگنے سے ہی ہوئی ہے ۔ روہتاس کے پولس سپرنٹنڈنٹ روشن کمار نے بھی واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے ۔ فی الحال خودکشی کی وجہ واضح نہیں ہو سکی ہے ۔ پولس متذکرہ پولس کے پولس سپاہی ساتھیوں اور افسران سے پوچھ گچھ کر رہی ہے اور اس بات کی بھی تفتیش کر رہی ہے کہ واقعہ کے وقت متذکرہ سپاہی ذہنی دباؤ میں تھا یا کوئی اور وجہ ہے ۔ خودکشی کی وجوہات پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آ سکینگی یہی کہا گیا ۔

