پریس کلب سیتامڑھی میں سڑک تحفظ بیداری پروگرام، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ استعمال کرنے کی اپیل

تاثیر 14 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سیتامڑھی: (مظفر عالم)شہر کے پریس کلب سیتامڑھی کے سبھاگار میں ٹریفک پولیس اور پریس کلب کے مشترکہ اہتمام سے سڑک تحفظ بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔
پروگرام کا آغاز پریس کلب کے صدر راکیش رنجن اور سکریٹری آدتیہ آنند آریہ نے مہمانِ خصوصی ٹریفک ڈی ایس پی اویناش کمار سنگھ اور ٹریفک تھانہ انچارج پرشانت کمار کو شال پیش کر کے استقبال و اعزاز سے کیا۔ پروگرام کی صدارت سماجی کارکن ناگیندر پرساد سنگھ نے کی۔ انہوں نے کہا کہ سڑک تحفظ سے متعلق اس طرح کے بیداری پروگرام نہایت قابلِ ستائش ہیں، جن کا مقصد عوام میں ٹریفک قوانین کے تئیں شعور پیدا کرنا اور محفوظ و ذمہ دارانہ ٹریفک کلچر کو فروغ دینا ہے۔
مہمانِ خصوصی ٹریفک ڈی ایس پی اویناش کمار سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس کا مقصد صرف چالان کاٹنا نہیں بلکہ عوام کو سڑک تحفظ کے اصولوں سے آگاہ کرنا بھی ہے۔ انہوں نے تمام گاڑی چلانے والوں سے ہیلمٹ پہننے، سیٹ بیلٹ باندھنے اور ڈرائیونگ لائسنس سمیت تمام ضروری دستاویزات اپنے ساتھ رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے اہم چوراہوں پر جلد ہی ٹریفک اشاروں کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا تاکہ آمد و رفت محفوظ اور منظم ہو سکے۔۔
ٹریفک تھانہ انچارج پرشانت کمار نے کہا کہ سڑک حادثے میں زخمی شخص کو فوری طور پر اسپتال پہنچانا انسانیت کا سب سے بڑا فریضہ ہے۔ انہوں نے عوام سے حکومت کی پی ایم جے (آیوشمان بھارت) اسکیم کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کرنے کی اپیل کی تاکہ حادثات میں زخمی ضرورت مند افراد کو بروقت علاج کی سہولت مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے خوف سے نہیں بلکہ اپنی اور اپنے خاندان کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ، ڈرائیونگ لائسنس، گاڑی کا بیمہ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری کاغذات ہمیشہ اپنے ساتھ رکھیں اور ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔ اس موقع پر پریس کلب کے عہدیداران اور اراکین، جن میں اودھ بہاری اُپادھیائے، اوما یادو، فنیندر جھا، نوینیت کمار، تریپُراری شرن، محمد ارمان علی، محمد قمر اختر، امیت جھا، اویناش کمار، والمیکی کمار، سدھیر یادو، سدھانشو جھا، امر جھا، ڈاکٹر راجیش سمن، راجیو کمار ‘کاجو’، رتیش رمن سنگھ، آگنیے کمار، سابق فوجی انیل کمار، شیویش بھارتی سمیت بڑی تعداد میں صحافی، دانشور، پولیس اہلکار اور معزز شہری موجود تھے