جھاڑی میں نوجوان کی لاش ملنے سے سنسنی، اہلِ خانہ نے پوسٹ مارٹم کرانے سے کیا انکار

تاثیر 3 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد  مصطفیٰ) سمری تھانہ علاقے کے ارئی بردی پور پنچایت کے تحت ارئی رجوا چوڑ میں واقع جوگی بابا استھان کے قریب جھاڑی سے ایک نوجوان کی لاش ملنے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی آس پاس کے لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی۔ متوفی کی شناخت بینی آباد تھانہ علاقے کے رجوا وارڈ نمبر 5 رہائشی آنجہانی راجگیر یادو کے 32 سالہ بیٹے متھیلیش یادو کے طور پر ہوئی ہے موقع پر موجود ڈائل-112 پر تعینات پی ٹی سی دیپک راج نے بتایا کہ جمعہ کی صبح تقریباً سات بجے جھاڑی میں ایک نامعلوم لاش پڑی ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی، لاش کی شناخت کی گئی اور اہلِ خانہ کو اس کی اطلاع دی گئی متوفی کے چھوٹے بھائی مکیش کمار نے بتایا کہ متھیلیش یادو مزدوری کرتے تھے اور اکثر کام کے سلسلے میں گھر سے باہر رہتے تھے۔ جمعرات کی صبح بھی وہ مزدوری کے لیے گھر سے نکلے تھے، لیکن رات تک واپس نہیں آئے۔ اہلِ خانہ ان کی تلاش میں مصروف تھے کہ جمعہ کی صبح تقریباً آٹھ بجے اطلاع ملی کہ ان کی لاش جھاڑی کے قریب پڑی ہوئی تھی اہلِ خانہ کے مطابق متھیلیش یادو تین بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھے۔ ان کے بڑے بھائی کا نام بیجو یادو جبکہ چھوٹے بھائی کا نام مکیش یادو ہے۔ سال 2012 میں ان کی شادی ہندو رسم و رواج کے مطابق سمترا دیوی سے ہوئی تھی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے واقعے کے بعد اہلِ خانہ کا رو رو کر برا حال ہے سمری تھانہ صدر اروند کمار نے بتایا کہ متوفی کے اہلِ خانہ نے کسی بھی قسم کی تحریری درخواست دینے اور پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد ضروری کاغذی کارروائی مکمل کرکے لاش اہلِ خانہ کے حوالے کر دی گئی