تاثیر 6 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جونپور، 6 جولائی: اترپردیش کے جونپور کے مڑیاہوں کوتوالی علاقے میں ایک خاتون کا قتل کرکے لاش کے ٹکڑے الگ الگ مقامات پر پھینکنے کا سنسنی خیز معاملہ پولیس نے صرف 14 گھنٹوں میں حل کرلیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کنور انوپم سنگھ کی ہدایت پر مڑیاہوںپولیس نے اتوار کی دیر رات پولیس انکاونٹر کے دوران مرکزی ملزم ہیمل کھکھریا عرف دلیپ (42) کو گرفتار کر لیا۔ جوابی کارروائی میں ملزم کی دائیں ٹانگ میں گولی لگی، جس کے بعد اسے علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا۔
پیر کو اس معاملے کی جانکاری دیتے ہوئے مڑیاہوں کے سرکل آفیسر وجے چودھری نے کہا کہ اتوار کو رانی پور بائی پاس کے قریب جھاڑیوں میں ایک نامعلوم خاتون کی مسخ شدہ لاش ملنے کے بعد تحقیقات شروع کی گئی۔ ایک مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے رام نگر بلاک گیٹ کے قریب گھیرا بندی کر لی گئی۔ خود کو گھیرے ہوئے دیکھ کر ملزم نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ اپنے دفاع میں پولیس کی جوابی فائرنگ سے وہ زخمی ہو گیا اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔

