یوپی سی اے اسپیڈ ہنٹ سے اتر پردیش میں تیز گیندبازی کی صلاحیتوں کو بڑا پلیٹ فارم مل رہا ہے: بھونیشور کمار

تاثیر 28 جولائی ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 28 جولائی: بھارتی کرکٹ ٹیم اور لکھنؤ فالکنز کے تجربہ کار تیز گیندباز بھونیشور کمار نے اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن (یو پی سی اے) کی اسپیڈ ہنٹ مہم کو نوجوان تیز گیندبازی کے لیے ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے ریاست کے دور دراز علاقوں میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو قومی سطح پر اپنی شناخت بنانے کا موقع مل رہا ہے۔
بھونیشور کمار نے کہا کہ گزشتہ تین سیزن میں یو پی ٹی-20 لیگ نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے اور آنے والے برسوں میں اس کا اثر مزید بڑھنے کی امید ہے۔ ان کے مطابق اسپیڈ ہنٹ کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس نے اتر پردیش کے مختلف اضلاع سے باصلاحیت نوجوان فاسٹ بولرز کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے شبھم گوتم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ بڑے معاہدے حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ جو کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں، ان کے لیے آگے بڑھنے کے مواقع ہمیشہ موجود رہتے ہیں۔
بھونیشور نے یوپی سی اے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ میدان میں ملنے والے ہر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی تمام تر توجہ بہترین کارکردگی پر مرکوز رکھیں۔انہوں نے کہا کہ یو پی ٹی20- لیگ نوجوان کرکٹرز کو نہ صرف مالی طور پر مضبوط بناتی ہے بلکہ ان پر ذمہ داری بھی بڑھاتی ہے۔ ایسے میں کامیابی کا لطف ضرور اٹھائیں، مگر دباؤ کو خود پر حاوی نہ ہونے دیں اور مسلسل اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں۔