تاثیر 22 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 22 اگست : مرکزی حکومت نے ٹی وی چینلوں پر اشتہارات کی نشریات پر 12 منٹ کی حد کو ختم کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ٹیلی ویژن نیٹ ورکس ضابطہ، 1994 میں ترمیم کرنے والا ایک گزٹ نوٹیفکیشن 21 اگست 2026 کو جاری کر دیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی یہ نیاقانون موثر ہو گیا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے ہفتے کے روز جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ اشتہارات کی مدت کی حد کو ہٹانے کا فیصلہ ٹی وی نشریاتی شعبے میں منصفانہ مسابقت اور کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
ٹی وی چینلنوں کے لیے اشتہارات کی 12 منٹ کی حد 2006 میں نافذ کی گئی تھی۔ اس وقت ملک میں صرف 62 ٹی وی چینل تھے۔ اب، یہ تعداد بڑھ کر 900 سے زیادہ ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ کیبل ٹیلی ویژن کے ڈیجیٹائزیشن کے ساتھ،ڈی ٹی ایچ کیبل جیسے پلیٹ فارم پر ناظرین کے لیے بڑی تعداد میں چینل دستیاب ہیں۔

