پانچ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کا الزام، 45 سالہ ملزم گرفتار

تاثیر 31 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ دربھنگہ( محمد مصطفیٰ) سنگھواڑہ تھانہ علاقہ کے ایک گاؤں میں پانچ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 45 سالہ ملزم جواہر رام، ساکن کٹاسا، کو گرفتار کر لیا۔ معاملے میں بچی کے والد کی درخواست پر پوکسو ایکٹ اور بی این ایس کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم بچی کو بہلا پھسلا کر اپنے گھر لے گیا۔ اس کے بعد کمرے کا دروازہ بند کرکے اس کے ساتھ زیادتی کی کوشش کرنے لگا۔ اسی دوران بچی کے بھائی نے ملزم کی حرکت دیکھ لی اور فوری طور پر اپنے اہل خانہ کو اس کی اطلاع دی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آس پاس کے لوگ بھی موقع پر پہنچ گئے اور ملزم کے گھر کے باہر لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی۔ لوگوں نے دروازہ کھلوایا تو ملزم بچی کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں پایا گیا۔ اس کے بعد مقامی لوگوں نے پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر ڈائل 112 کی پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور ملزم کو حراست میں لے کر سنگھواڑہ تھانہ لے گئی۔ پولیس نے بچی کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی۔ تھانہ صدر بسنت کمار نے بتایا کہ ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ملزم جواہر رام کو پیر کے روز عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے