پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود پر اکھل بھارتیہ مسلم پسماندہ منچ کا مشاورتی اجلاس، مؤثر حکمتِ عملی طے

تاثیر 17 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

گھٹیاری شریف، 17/ اگست (محمد عمران) اکھل بھارتیہ مسلم پسماندہ منچ کی ایک اہم مشاورتی میٹنگ ریاستی صدر سیراج دیوان کی صدارت میں گھٹیاری شریف میں منعقد ہوئی، جس میں تنظیم کی کور کمیٹی کے اہم اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود، تنظیمی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے، سرکاری اسکیموں کے مؤثر نفاذ اور فلاحی منصوبوں کو نچلی سطح تک پہنچانے کے لیے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر تنظیم کے اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ پسماندہ طبقات کی حقیقی ترقی کے لیے ان کے مسائل کا زمینی سطح پر جائزہ لینا اور سرکاری فلاحی اسکیموں کا فائدہ مستحق افراد تک پہنچانا ضروری ہے۔ ریاستی صدر سیراج دیوان نے کہا کہ تنظیم کے کارکنان پسماندہ بستیوں اور علاقوں کا باقاعدگی سے دورہ کرکے عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کریں اور انہیں متعلقہ حکام تک پہنچانے میں مؤثر کردار ادا کریں۔
کور کمیٹی کے اہم رکن عبدالقیوم انصاری نے تعلیمی و معاشی پسماندگی کے خاتمے، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، بچوں کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے اور بنیادی ضروریات سے محروم خاندانوں تک فلاحی منصوبوں کی رسائی یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
کمیٹی کے رکن جمیل الدین نے کہا کہ مقامی عمائدین، سماجی کارکنان اور مستحقین کے ساتھ مسلسل مشاورتی اجلاس منعقد کرکے زمینی حقائق کا جائزہ لینا اور عملی اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دریں اثنا، گھٹیاری شریف میں بزرگ غازی بابا کے مزار پر تنظیم کے اراکین کی جانب سے چادر پوشی بھی کی گئی اور علاقے کی خوشحالی و امن کے لیے دعا کی گئی۔ اجلاس کے اختتام پر تنظیمی سرگرمیوں کو نچلی سطح تک وسعت دینے اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے مربوط حکمتِ عملی اختیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
تقریب کے اہم کارکنوں میں محمد رضوان اور محمد نعیم شامل تھے۔