اے ایم یو کی ملک گیر’نشہ مکت یووا فار وکست بھارت‘مہم میں شرکت؛ تقریباً 1,200 طلبہ نےلیاحصہ

تاثیر 02 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

علی گڑھ، 2 اگست: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے تقریباً 1,200 طلبہ، اساتذہ، افسران اور ملازمین نے قومی ”نشہ مکت یووا فار وکست بھارت” مہم کے تحت کلچرل ایجوکیشن سینٹر کے کینیڈی آڈیٹوریم میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ورچوئل خطاب کی براہِ راست نشریات دیکھی۔ یہ پروگرام یونیورسٹی کی نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) کی جانب سے منعقد کیا گیا، جس میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں اور اے ایم یو کے زیرِ انتظام اسکولوں کے طلبہ نے جوش و خروش سے شرکت کی۔
پروگرام کی صدارت پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے بطور مہمانِ خصوصی کی، جبکہ ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر ایم اطہر انصاری مہمانِ اعزازی تھے۔ اس موقع پر پروفیسر محمد رضوان خان، ڈین فیکلٹی آف آرٹس و کوآرڈی نیٹر کلچرل ایجوکیشن سینٹر، پروفیسر محسن خان، این ایس ایس کوآرڈی نیٹر، پروفیسر صبوحی خان، ڈپٹی ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر، پروفیسر سید ضیاء الرحمن، صدر شعبہ فارماکولوجی، پروفیسر فضل الرحمٰن، صدر شعبہ اناٹومی، پروفیسر وبھا شرما، ممبر انچارج پبلک ریلیشنز آفس، ڈاکٹر عبدالجبار، این ایس ایس پروگرام آفیسر، اور جناب عمر پیرزادہ، پبلک ریلیشنز آفیسر بھی موجود تھے۔
اپنے ورچوئل خطاب میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ”نشہ مکت یووا فار وکست بھارت” مہم کو فرد، خاندان، معاشرے اور قوم کی مشترکہ تحریک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ملک کا نوجوان جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند، خوداعتماد اور منشیات کی لعنت سے پاک ہو۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے نقصانات کو سمجھیں، ان سے دور رہیں اور اسکولوں، کالجوں اور اپنے معاشرے میں نشہ سے پاک معاشرے کا پیغام عام کریں۔
وزیر اعظم نے بتایا کہ ملک بھر میں 28,000 سے زائد مقامات پر ایک کروڑ سے زیادہ نوجوانوں، مائی بھارت رضاکاروں اور این ایس ایس رضاکاروں نے اس مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بھارت کا نوجوان باخبر، ذمہ دار اور اپنے فرائض کے تئیں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم آئندہ 100 ہفتوں تک ہر اتوار کھیل، ثقافتی پروگراموں، مراقبہ، سماجی خدمت اور بیداری کی سرگرمیوں کے ذریعے جاری رہے گی تاکہ نشہ سے پاک طرزِ زندگی کو فروغ دیا جا سکے۔