جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے ایک اور تیرتھ یاتریوں کا جتھہ وادی کے لیے روانہ

تاثیر 02 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 02 اگست: جموں۔سرینگر قومی شاہراہ کی جزوی بحالی کے بعد شری امرناتھ یاترا دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ اتوار کی علی الصبح 3,886 یاتریوں پر مشتمل پچیسواں جتھہ بھگوتی نگر یاتری نیواس، جموں سے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان بالتل بیس کیمپ کے لیے روانہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق قافلہ 177 گاڑیوں پر مشتمل تھا جو صبح 2 بج کر 52 منٹ پر روانہ ہوا۔ مسلسل بارشوں کے باعث قومی شاہراہ کے مختلف مقامات پر شدید نقصان پہنچنے کے سبب گزشتہ دو روز سے یاتریوں کی روانگی معطل تھی۔
حکام نے بتایا کہ ادھم پور کے سمرولی علاقے میں دیوال پل کے قریب شاہراہ کو یک طرفہ ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے، جس کے بعد یاترا دوبارہ شروع کی گئی۔ اگرچہ مرمت کا کام بدستور جاری ہے، تاہم ہلکی موٹر گاڑیوں کو بھی جموں سے سفر کی اجازت دے دی گئی ہے، جبکہ قاضی گنڈ سے جموں کی طرف ٹریفک یاتری قافلے کے گزرنے کے بعد بحال کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ بھاری گاڑیوں کو متبادل دنوں میں شاہراہ پر چلنے کی اجازت ہوگی۔ خراب موسمی حالات کے پیش نظر مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ سفر سے قبل شاہراہ کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں۔