تاثیر 28 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 28 اگست: رکشا بندھن کے موقع پر میترا رامبن میں بھارتی فوج کے آرمی کیمپ میں شجاعت کے بندھن کے عنوان سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں رام بن ضلع کی تقریباً تین سو بیٹیوں نے راشٹریہ رائفلز کے جوانوں کے ساتھ شرکت کی۔تقریب کا مقصد فوج اور عوام کے درمیان باہمی محبت، اعتماد، تشکر اور قومی یکجہتی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں مختلف اسکولوں اور کالجوں کی طالبات کے علاوہ گرلز کبڈی و باکسنگ ٹیموں اور گورنمنٹ ڈگری کالج کرول کے این سی سی کیڈٹس نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر رکن اسمبلی رام بن ارجن سنگھ راجو، ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان اور راشٹریہ رائفلز ناچلانہ کے کمانڈنگ آفیسر سمیت دیگر معززین موجود تھے۔تقریب کے دوران رام بن کی بیٹیوں نے فوجی جوانوں کی کلائیوں پر راکھیاں باندھیں۔ راکھی کو فوج اور عوام کے درمیان باہمی احترام، اعتماد اور تشکر کی علامت قرار دیا گیا۔ مقررین نے فوج اور مقامی عوام کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

