مجاہدِ آزادی اتلیہ گھوش کی 123ویں یومِ پیدائش پر تقریب

تاثیر 29 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، (ملا جسیم الدین) کولکاتا کے الٹا ڈانگہ کے قریب واقع ودھان شیشو اودّیان میں اس کے بانی اور معروف مجاہدِ آزادی و عوامی رہنما اتلیہ گھوش کی 123ویں یومِ پیدائش دو روزہ پروگرام کے ذریعے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب میں راجیہ سبھا کے رکن سکھندو شیکھر رائے، سینئر صحافی مہر گنگوپادھیائے، اسرو کے سابق ڈائریکٹر تپن مشرا، خلائی سائنس داں دیوی پرساد دواری اور کولکاتا یونیورسٹی کے شعبۂ بنگالی کے پروفیسر اروپ کمار داس سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔
مقررین نے آزادی کی جدوجہد میں اتلیہ گھوش کی قربانیوں اور انگریز پولیس کے وحشیانہ مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شدید جسمانی اذیتوں کے باوجود انہوں نے آزادی کی تحریک سے اپنا رشتہ نہیں توڑا۔ آزادی کے بعد وہ تقریباً 15 برس تک لوک سبھا کے رکن رہے۔ بعد ازاں فعال سیاست سے کنارہ کش ہوکر بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے خود کو وقف کردیا۔
اتلیہ گھوش کے قائم کردہ ودھان شیشو اودّیان نے اس سال اپنی خدمات کے 50 برس مکمل کیے ہیں، جہاں بچوں کے لیے کھیل کود، موسیقی، رقص اور غیر ملکی زبانوں کی تعلیم سمیت مختلف سرگرمیاں جاری ہیں۔ تقریب میں ایک ہزار سے زائد بچوں اور ان کے سرپرستوں نے شرکت کی۔ ’وندے ماترم‘ سے پروگرام کا آغاز ہوا، جبکہ بچوں نے رقص، نغمے اور نظموں کی پیشکش کی۔ دوسرے روز طلبہ کے ثقافتی پروگرام کے علاوہ معروف لوک فنکاروں کی جماعت ’دوہار‘ نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔