تاثیر 29 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضاامام): بڑھتی مہنگائی، چینی اور دیگر غذائی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف دربھنگہ ضلع کانگریس کمیٹی اربن کے صدر ڈاکٹر جمال حسن کی قیادت میں دربھنگہ ضلع کانگریس دفتر سے لہریاسرائے ٹاور تک احتجاجی پیدل مارچ نکالا گیا۔ مارچ میں بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان نے شرکت کی اور مرکزی حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔احتجاجی مارچ کے دوران کارکنان اپنے کندھوں پر وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا لے کر چل رہے تھے۔ اس دوران ’’رام نام ستیہ ہے، مودی کا یہی گت ہے‘‘، ’’نریندر مودی ہائے ہائے‘‘ اور ’’جو سرکار نکمی ہے، وہ سرکار بدلنی ہے‘‘ جیسے نعرے لگائے گئے، جس سے لہریاسرائے کا علاقہ گونج اٹھا۔ بعد ازاں مودی کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔پتلا نذر آتش کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضلع کانگریس کمیٹی اربن کے صدر ڈاکٹر جمال حسن نے کہا کہ موجودہ بی جے پی حکومت سرمایہ داروں کے مفاد میں کام کر رہی ہے اور غریب مخالف حکومت بن چکی ہے۔ مہنگائی کی مار سے عام لوگوں کی کمر ٹوٹ رہی ہے، لیکن حکومت عوام کی مشکلات کو سنجیدگی سے لینے کے بجائے مہنگائی کو درست ثابت کرنے والے بیانات دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے پر بی جے پی کے بعض بڑے لیڈروں کی جانب سے یہ دلیل دی جا رہی ہے کہ ملک میں ذیابیطس کے مریض بڑھ رہے ہیں، اس لیے چینی مہنگی ہونے سے عوام کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں کے باورچی خانے کا بجٹ بگاڑ کر بیماری سے جنگ نہیں لڑی جا سکتی۔ حکومت کو عوام کی تھالی اور کچن کی فکر کرنی چاہیے۔ڈاکٹر جمال حسن نے زی گروپ کے چیئرمین سبھاش چندرا سے متعلق ذاتی دیوالیہ پن کے معاملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تقریباً 22,006 کروڑ روپے کے admitted claims کے مقابلے تقریباً 6.5 کروڑ روپے کے repayment plan کی منظوری کو لے کر بھی سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف عام آدمی مہنگائی اور اقتصادی دباؤ سے پریشان ہے، جبکہ بڑے اقتصادی معاملات میں الگ الگ معیار نظر آتے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ جب غریب اور متوسط طبقہ مہنگائی کی مار جھیل رہا ہے تو حکومت کی پالیسیوں کا فائدہ آخر کس کو مل رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ کانگریس عوام کی آواز بن کر مہنگائی اور عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف سڑک سے ایوان تک جدوجہد جاری رکھے گی۔اس موقع پر پردیش کانگریس کے نائب صدر و دربھنگہ اربن انچارج رجنیکانت پاٹھک نے کہا کہ مہنگائی سے عام عوام انتہائی پریشان ہیں۔ غذائی اشیاء کی بڑھتی قیمتوں نے لوگوں کے گھریلو بجٹ کو بگاڑ دیا ہے۔ عوام کو تقریریں نہیں بلکہ مہنگائی سے راحت چاہیے اور حکومت کو عوام کی پریشانیوں کا جواب دینا ہوگا۔احتجاجی پروگرام میں سینئر کانگریس لیڈر رام پکار چودھری، گنیش چودھری، پرمانند جھا، رتیکانت جھا، شیونارائن پاسوان، ریتا مشرا، اروند کمار پاسوان، کام دیو چودھری، بملندو ٹھاکر، راگھویندر کنور، پرنس پرویز، راجا انصاری، حسْمت انصاری، بسنت جھا، اودت چودھری، محمد نسیم حیدر، اعجاز خان، محمد چاند، شاداب عتیقی، منّا خان، محمد ارشاد، نرالے، ارشد خان، انصار حسن، شبلی نعمانی، لکھن کمار، منورنجن جھا، نارائن جی جھا، سنیل چودھری، مہیر جھا، وسیم احمد، متھلیش یادو سمیت سیکڑوں کارکنان موجود تھے۔

