چنڈی گڑھ میں کانگریس نے لگایا چینی کا لنگر، مرکزی حکومت کو گھیرا

تاثیر 26 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

چنڈی گڑھ، 26 اگست: چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف چنڈی گڑھ کانگریس نے بدھ کے روز سیکٹر-35 میں انوکھا احتجاج کیا۔ پارٹی کی جانب سے لوگوں میں مفت ایک ایک کلو چینی کے پیکٹ تقسیم کیے گئے۔ ان پیکٹوں پر کانگریس کا انتخابی نشان ’پنجہ‘ بھی چھپا ہوا تھا۔
چنڈی گڑھ کانگریس کے صدر ایچ ایس لکی نے بتایا کہ پروگرام میں تقریباً 25 ٹن چینی لوگوں میں تقسیم کرنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ لکی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عام لوگوں کو راحت دینے کے لیے چینی کی قیمتوں میں جلد کمی کی جائے۔ پروگرام میں مفت چینی ملنے کی اطلاع آس پاس کے علاقوں میں پھیلتے ہی دھنّاس، منی ماجرا اور مولی جاگر ن سمیت کئی علاقوں سے لوگ سیکٹر-35 پہنچنے لگے۔ کچھ ہی دیر میں موقع پر کافی بھیڑ جمع ہوگئی۔ بھیڑ بڑھنے کی وجہ سے لوگوں کے درمیان ہنگامہ بھی ہوا اور چینی کے کچھ پیکٹ پھٹ گئے۔