سکم میں گردے کی پہلی پیوند کاری، ڈاکٹر ترشید علی جہانگیر نے انجام دی تاریخی سرجری

تاثیر 20 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

گنگٹوک، 20/ اگست (محمد نعیم) ریاست سکم میں صحت کے شعبے میں ایک تاریخی سنگ میل قائم ہوا، جب گزشتہ 15 اگست کو گنگٹوک کے نو افتتاح شدہ ایس ٹی این ایم اسپتال کے آرگن ٹرانسپلانٹ سینٹر میں ریاست کی پہلی گردے کی پیوند کاری کامیابی کے ساتھ انجام دی گئی۔ یہ اہم اور پیچیدہ آپریشن کولکاتا کے معروف آر این ٹیگور اسپتال کے ماہر سرجن ڈاکٹر ترشید علی جہانگیر کی قیادت میں ماہر ٹرانسپلانٹ ٹیم نے انجام دیا۔
سکم حکومت کی دعوت پر ڈاکٹر ترشید علی جہانگیر کی سربراہی میں آر این ٹیگور اسپتال کی خصوصی ٹیم نے گنگٹوک کا دورہ کیا اور ریاست میں گردے کی پیوند کاری کی پہلی سرجری کو کامیابی سے مکمل کیا۔ اس تاریخی کامیابی کے موقع پر سکم حکومت کی جانب سے ڈاکٹر ترشید علی جہانگیر اور ان کی پوری ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا گیا۔
ڈاکٹر ترشید علی جہانگیر نے میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد گردے کی پیوند کاری کے شعبے میں خصوصی تربیت اور اعلیٰ ڈگری حاصل کی۔ وہ آر این ٹیگور اسپتال میں کنسلٹنٹ جنرل سرجن کے علاوہ رینل ٹرانسپلانٹیشن اور روبوٹک سرجری کے ماہر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر ترشید علی جہانگیر، کولکاتا کے معروف ماہر تعلیم محمد جہانگیر صاحب، سابق پرنسپل سیفی ہال انگلش اسکول اور موجودہ پرنسپل حضرت سید غلام مصطفیٰ پبلک اسکول کے بڑے صاحبزادے ہیں۔
سکم حکومت نے ریاست میں اعضاء کی پیوند کاری کے باقاعدہ آغاز کو صحت کے شعبے میں ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔ اس کامیابی پر دربار شریف کے پیرزادہ اور مولانا آزاد کالج، کولکاتا کے شعبۂ عربی کے صدر پیرزادہ پروفیسر ڈاکٹر سید مصطفیٰ مرشد جمال شاہ القادری نے ڈاکٹر ترشید علی جہانگیر اور ان کی پوری ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے طب کے میدان میں قابلِ فخر کارنامہ قرار دیا۔