تاثیر 19 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 19 اگست: کولکاتا کے دھرم تلا علاقے میں مرزا غالب اسٹریٹ پر واقع ’شکھا اِن‘ ہوٹل میں منگل کی دیر رات پیش آنے والے بھیانک آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے۔ ایس آئی ٹی کی قیادت ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) سطح کے افسر کریں گے۔ ایڈیشنل پولیس کمشنر (کرائم) کنال اگروال نے بدھ کو بتایا کہ ایس آئی ٹی کی تشکیل کے ساتھ ہی فائر بریگیڈ محکمہ نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے معاملے میں ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
منگل کی دیر رات مرزا غالب اسٹریٹ پر واقع ہوٹل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔ جائے وقوعہ فائر بریگیڈ کے ہیڈکوارٹر کے قریب ہی واقع ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق پانچ منزلہ عمارت کی ہر منزل پر تین سے چار چھوٹے ہوٹل چل رہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ تنگ جگہ میں قائم ان ہوٹلوں میں آمدورفت کے لیے بھی مناسب جگہ موجود نہیں تھی۔ تحقیقاتی افسران نے ہوٹل میں آگ بجھانے کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔پولیس کے مطابق تحقیقات میں آگ لگنے کی اصل وجہ، حادثے میں ہونے والی اموات اور کسی مجرمانہ سرگرمی کے امکان سمیت تمام پہلوؤں کو شامل کیا گیا ہے۔ انٹیلی جنس ڈپارٹمنٹ کو بھی تحقیقات میں شامل کرلیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ سے تین سے چار بنگلہ دیشی پاسپورٹ ملنے کی اطلاع کے بعد پولیس ان دستاویزات کی بھی جانچ کر رہی ہے۔

