تاثیر 31 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نوئیڈا، 31 اگست: اتر پردیش کے نوئیڈا میں جیور تھانہ علاقے کے یمنا ایکسپریس وے پر اتوار کی دیر رات ایک بے قابو ٹرالا کریش بیم بیریئر توڑتے ہوئے دوسری سمت سے آرہی کار سے ٹکرا گیا۔ حادثے میں کار سوار باپ بیٹے سمیت چار افراد کی موت ہوگئی۔ حادثے کے بعد یمنا ایکسپریس وے پر تقریباً چار کلومیٹر طویل جام لگ گیا۔اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچی پولیس نے کرین اور کٹر کی مدد سے کار میں پھنسے افراد کو باہر نکالا اور اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے چاروں کو مردہ قرار دے دیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس سنتوش کمار نے پیر کو بتایا کہ اتوار کی دیر رات ایک ٹرالا دہلی سے آگرہ کی جانب جارہا تھا۔ یمنا ایکسپریس وے پر 36ویں کلومیٹر کے سبوتا انٹرچینج کے قریب ٹرالا بے قابو ہوگیا اور کریش بیم بیریئر توڑتے ہوئے سڑک کی دوسری سمت پہنچ گیا۔اسی دوران آگرہ سے دہلی کی جانب آرہی بالیونو کار کو ٹرالا نے ٹکر مار دی اور اسے کافی دور تک گھسیٹتا ہوا لے گیا۔ اس دوران ایک موٹر سائیکل اور ایک ’چھوٹا ہاتھی‘ بھی اس سے ٹکرا گئے۔ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار چار افراد اندر ہی پھنس گئے۔ پولیس نے کرین اور کٹر کی مدد سے انہیں باہر نکالا اور اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے چاروں کو مردہ قرار دے دیا۔جاں بحق افراد کی شناخت مہاراج گنج کے رہنے والے وکاس گپتا، ڈی این پانڈے، ان کے بیٹے آیوش پانڈے اور دھول پور، راجستھان کے رہنے والے کار ڈرائیور وجے سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔

