تاثیر 18 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دہرادون، 18 اگست: اتراکھنڈ میں مانسون سرگرم ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے کئی حصوں میں زوردار بارش ہوئی ہے۔ نریندر نگر میں سب سے زیادہ 265 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ریاست میں دریاؤں کی سطح آب بڑھ رہی ہے اور رشی کیش میں گنگا خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات و سائنس نے دہرادون، ٹہری، پاؤڑی اور ادھم سنگھ نگر میں بعض مقامات پر شدید سے بہت شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔دارالحکومت دہرادون سمیت پوری ریاست میں پیر سے شروع ہوا بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے، جبکہ آسمان پر سیاہ گھنے بادل چھائے رہے اور موسم سرد ہے۔ مسلسل بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، سڑکیں بند ہونے اور دریاؤں و نالوں کی سطح آب بڑھنے کا خطرہ برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات و سائنس نے ریاست کے بیشتر حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بونداباندی کی پیش گوئی کی ہے۔ دہرادون، ٹہری، پوڑی اور ادھم سنگھ نگر میں بعض مقامات پر شدید سے بہت شدید بارش کے ساتھ آسمانی بجلی چمکنے اور بارش کے شدید سے انتہائی شدید دور آنے کا امکان ہے۔ دیگر اضلاع میں بھی بعض مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے۔

