تاثیر 13 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنبھل، 13 اگست: اتر پردیش کے سنبھل ضلع کے اسمولی تھانے کی پولیس نے ہیرا پور تھانہ اسمولی کے رہائشی ایک ملزم اقرار کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 315 بور کی دو پستول، 12 بور کی ایک پستول اور 42 نیم تیار پستول کے ساتھ بھاری مقدار میں اسلحہ بنانے کا سامان برآمد کر لیا، جبکہ اس کا ساتھی طاہراندھیرے کا فائدہ اٹھا کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ گرفتار شخص کے خلاف دفعہ 5/25 اسلحہ کے تحت مقدمہ 194/2026 درج کر لیا گیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ سنبھل کرشن کمار بشنوئی نے جمعرات کو بتایا کہ ایک اسمولی پولیس ٹیم نے خاص مخبر کی اطلاع پر غیر قانونی اسلحہ سازی کا پردہ فاش کیا اور ایک ملزم کو گرفتار کیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ جائے وقوعہ سے پولیس نے 315 بور کے دو پستول، 12 بور کا ایک پستول اور 42 نیم تیار کردہ پستول کے ساتھ بھاری مقدار میں اسلحہ بنانے کا سامان برآمد کر لیا۔

