تاثیر 31 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بہار شریف:مقامی اسپتال چوراہا واقع جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے ضلع دفتر میں نالندہ ضلع جے ڈی یو اقلیتی سیل کی جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کی صدارت اقلیتی سیل کے ضلع صدر عمران رضوی عرف لال بابو نے کی۔میٹنگ میں اقلیتی سیل کے ریاستی صدر اشرف انصاری نے بطورِ خاص شرکت کی۔ ان کی آمد پر جے ڈی یو کارکنان نے پھول مالاؤں سے ان کا پُرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر پارٹی تنظیم کو مضبوط بنانے، کارکنان کی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے اور آئندہ کے پروگراموں کے سلسلے میں تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتی سیل کے ریاستی صدر اشرف انصاری نے کہا کہ تنظیم کو نچلی سطح پر مزید مضبوط بنانے کے لیے مسلسل کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں بہار میں اقلیت کی فلاح و بہبود کے لیے کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے اقلیتی طبقے کے بنیادی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ تعلیم، روزگار اور ترقی کے شعبے میں بھی متعدد اسکیمیں چلائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی فلاحی اسکیموں اور پارٹی کی پالیسیوں کو سماج کے آخری فرد تک پہنچائیں اور پنچایت سے لے کر بوتھ سطح تک تنظیم کو مضبوط بنانے میں فعال کردار ادا کریں۔ اس موقع پر جے ڈی یو نالندہ کے ضلعی صدر محمد ارشد، اقلیتی سیل کے ضلع صدر عمران رضوی عرف لال بابو، ریاستی سکریٹری گلریز انصاری، محمود بکھو، معراج الدین، انجینئر علی احمد، پپو خان روہلا، علی انصاری سمیت بڑی تعداد میں جے ڈی یو کارکنان موجود تھے۔

