این اے ایم کی 65ویں سالگرہ پر بلغراد میں کیرن رججو کریں گے بھارتی وفد کی قیادت

تاثیر 29 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 29 اگست : مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کیرن رججو 31 اگست اور یکم ستمبر کو سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں ہونے والے غیر وابستہ تحریک(این اے ایم) کے پہلے سربراہی اجلاس کی 65ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی اعلیٰ سطحی یادگاری تقریب میں بھارتی وفد کی قیادت کریں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اس اجلاس کا موضوع ’’غیر وابستگی کی وراثت: آج کی دنیا کے لیے اسباق‘‘ رکھا گیا ہے۔ بھارت غیر وابستہ تحریک کے بانی ارکان میں شامل ہے اور تحریک کے اصولوں اور اقدار کے تئیں اپنی وابستگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
غیر وابستہ تحریک میں اس وقت 121 ترقی پذیر ممالک شامل ہیں۔ تاریخی طور پر یہ تحریک ترقی پذیر ممالک کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرتی رہی ہے۔ بھارت نے اس تحریک کے قیام اور اس کے مقاصد کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
بلغراد میں ہونے والی اعلیٰ سطحی یادگاری میٹنگ میں غیر وابستگی کی وراثت اور موجودہ عالمی حالات میں اس کی معنویت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں تحریک کے بنیادی اصولوں اور بدلتے ہوئے بین الاقوامی حالات میں ان کے کردار پر بھی غور کیا جائے گا۔غیر وابستہ تحریک کی پہلی سربراہِ مملکت اور حکومت کی کانفرنس ستمبر 1961 میں بلغراد میں منعقد ہوئی تھی۔ بھارت کے اس وقت کے وزیر اعظم جواہر لال نہرو تحریک کے اہم بانی رہنماؤں میں شامل تھے۔