تاثیر 14 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 14 اگست: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں کانگریس کے قومی صدر ملیکارجن کھڑگے کے پروگرام کے بعد اسٹیج کی مبینہشدھی کرن پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ اسے انتہائی قابل مذمت اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے انہوں نے اتراکھنڈ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کی تحقیقات کرے اور مجرموں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے۔
جمعہ کو جاری کی گئی ایک پوسٹ میں مایاوتی نے کہا کہ ہلدوانی میں کانگریس کے قومی صدر ملیکارجن کھڑگے کی تقریب کے بعد یہ معلومات سامنے آئی ہیں کہ پروگرام کے بعدا ن کے اسٹیج کاشدھی کرن کیا گیا ہے کیونکہ وہ ایک دلت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو جمعرات کو پارلیمنٹ کے ذریعے بھی اس واقعے کے بارے میں معلوم ہوا۔ انہوں نے سماجی مساوات اور دلت وقار کے سنگین معاملے کے طور پر اس کی شدید مذمت کی۔
بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ اتراکھنڈ حکومت کو بغیر کسی تاخیر کے اس معاملے میں کارروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے ذات پات اور جاگیردارانہ ذہن کے عناصر کے خلاف سخت قوانین کے تحت کارروائی کرتے ہوئے مجرموں کو جیل بھیجنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات معاشرے میں امتیازی سلوک کی ذہنیت کو فروغ دیتے ہیں اور انہیں کسی بھی حالت میں نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔

