تاثیر 31 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ہوڑہ، 31/ ستمبر (تاثیر بیورو) وارڈ نمبر 16 میں محمد اکبر کو کانگریس پارٹی کا وارڈ صدر مقرر کیے جانے پر نندو گھوش روڈ میں ایک شاندار استقبالیہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر وارڈ کے متعدد کانگریسی کارکنان نے شرکت کرتے ہوئے محمد اکبر کو نئی ذمہ داری ملنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
استقبالیہ پروگرام میں ضلع یوتھ کانگریس کے صدر کرن سونکر، ضلع کانگریس اقلیتی سیل کے نائب چیئرمین محمد انتخاب عالم، شمالی ہوڑہ مہیلا کانگریس کی صدر نازنین بانو، شمالی ہوڑہ کانگریس اقلیتی سیل کے چیئرمین شاداب حبیبی، شمالی ہوڑہ چھاتر پریشد کے صدر محمد شفیق کے علاوہ محمد سلطان، محمد علیم، راج شاہنواز، محمد سلیم، امجد بنارسی، خورشید عالم اور دیگر کانگریسی کارکنان موجود تھے۔
اس موقع پر ضلع کانگریس کمیٹی کے آرگنائزنگ صدر مولانا منصور قادری نے محمد اکبر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وارڈ نمبر 16 میں پارٹی کی تنظیم کو مضبوط اور فعال بنانے کے لیے نئی ذمہ داری ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد اکبر ایک فعال اور محنتی کارکن کی حیثیت سے پارٹی کے لیے اپنی خدمات انجام دیتے رہے ہیں، اس لیے امید ہے کہ وہ تمام کارکنان کو ساتھ لے کر چلیں گے اور وارڈ کی سطح پر کانگریس کی تنظیم کو مزید مستحکم کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے۔ مولانا منصور قادری نے مزید کہا کہ کانگریس کی طاقت اس کے کارکنان ہیں اور باہمی اتحاد، نظم و ضبط اور مسلسل محنت کے ذریعے ہی تنظیم کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
شرکاء نے بھی محمد اکبر کو وارڈ صدر مقرر کیے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی کی تنظیم کو مزید مضبوط بنانے اور کارکنان کو متحد رکھنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
آخر میں محمد اکبر نے وارڈ صدر کی ذمہ داری سونپے جانے پر ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر پارتھو سارتھی بھومک اور شمالی ہوڑہ بلاک کمیٹی کے صدر ونئے سنگھ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ان پر جو اعتماد ظاہر کیا ہے، اسے وہ پوری ایمانداری، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ نبھانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

