تاثیر 07 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 7 اگست: دہلی پریمیئر لیگ (ڈی پی ایل) 2026 میں نیو دہلی ٹائیگرز کے خلاف 27 رنز کی شاندار فتح کے بعد پرانی دہلی 6 کے مالک آکاش نانگیا نے ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اعتماد ظاہر کیا کہ ٹیم آئندہ مقابلوں میں بھی کامیابی کی اسی رفتار کو برقرار رکھے گی۔
آکاش نانگیا نے کہا کہ سینٹرل دہلی کنگز کے خلاف شکست کے بعد ٹیم نے جس انداز میں واپسی کی، وہ کھلاڑیوں کے جذبے اور اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’سینٹرل دہلی کنگز کے خلاف میچ کے بعد یہ فتح ہمارے لیے بہت اہم تھی۔ جس انداز میں ٹیم نے واپسی کی، وہ اس ٹیم کے کردار اور جدوجہد کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے اوپنر آرین گور کی 91 رنوں میچ وننگ پاری کی بھی زبردست تعریف کی۔ نانگیا نے کہا، ’’آرین گور نے شاندار اننگز کھیل کر ہماری فتح کی مضبوط بنیاد رکھی۔ ان کی بلے بازی میں جارحیت کے ساتھ پختگی بھی نظر آئی۔ وہیں گیند بازی کے شعبے نے بھی نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ کسی بھی ہدف کا کامیابی سے دفاع کرنے کے لیے نظم و ضبط ضروری ہوتا ہے اور ہمارے گیند بازوں نے پورے میچ کے دوران دباؤ برقرار رکھتے ہوئے اپنی حکمت عملی کو بہترین انداز میں عملی جامہ پہنایا۔‘‘

