یومِ آزادی پر ٹھاکرگنج علاقے میں جوش و خروش کے ساتھ جگہ جگہ پر شان سے لہرایا ترنگا.

تاثیر 15 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)۔ یومِ آزادی کے موقع پر سنیچر کے روز ٹھاکرگنج بلاک کے پورے علاقے میں حب الوطنی اور جوش و خروش کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ دیہی علاقوں سے لے کر شہری علاقوں تک مختلف سرکاری و غیر سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور اہم مقامات پر یومِ آزادی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس دوران مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی گئی اور قومی پرچم کو سلامی پیش کرتے ہوئے ملک کی آزادی کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ بلاک دفتر احاطے میں بلاک پرمکھ نے قومی پرچم لہرایا۔ وہیں مثالی تھانہ ٹھاکرگنج میں ایس ڈی پی او ٹو منوج کمار نے پرچم کشائی کی۔ نگر پنچایت دفتر میں نگر ادھیکش سکندر پٹیل نے قومی پرچم لہرایا۔ شہر کے تاریخی گاندھی میدان میں منعقدہ مرکزی تقریب میں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے رکن اسمبلی گوپال کمار اگروال نے قومی پرچم لہرایا۔ پرچم کشائی کے دوران قومی ترانے کے ساتھ پورا ماحول حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوگیا۔ اس موقع پر درجنوں انتظامی افسران، عوامی نمائندوں اور سیکڑوں معززین نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ پرچم کشائی کے بعد رکن اسمبلی گوپال کمار اگروال نے موجود لوگوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے ملک کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دینے والے عظیم شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانی اور جدوجہد کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی ترقی کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اسمبلی حلقے میں ترقی کی رفتار تیز کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی فلاحی اسکیموں کا فائدہ معاشرے کے آخری فرد تک پہنچانا ترجیح ہے۔ انہوں نے لوگوں سے ترقیاتی کاموں میں تعاون کرنے اور حکومت کی فلاحی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی۔ وہیں یومِ آزادی کی شام شہر کے گاندھی میدان میں ’ایک شام شہیدوں کے نام‘ کے عنوان سے ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں بلاک علاقے کے مختلف سرکاری و غیر سرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ بچوں نے حب الوطنی پر مبنی گیت، رقص اور دیگر ثقافتی پروگرام پیش کرکے حاضرین کا دل جیت لیا۔ ایک سے بڑھ کر ایک شاندار پیشکش نے پروگرام میں چار چاند لگا دیے۔ دیر شام تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں بڑی تعداد میں لوگ موجود رہے اور بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔ پورے پروگرام کے دوران آزادی، حب الوطنی اور شہیدوں کے احترام کا جذبہ نمایاں طور پر نظر آیا۔ اس موقع پر بی ڈی او، سرکل افسر، تھانہ صدر، سابق نگر صدر دیوکی اگروال، راشٹریہ جنتا دل رہنما مشتاق عالم، جے ڈی یو رہنما احمد حسین، محمد نظام الدین، کوشل کشور یادو کانگریسی رہنما اتم داس، منصور عالم سمیت دیگر افراد موجود تھے۔