تاثیر 04 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 04 اگست:جنوب مغربی ضلع پولیس کے سائبر تھانہ نے ایمیزون پروموشنل ٹاسک اورفرضی کریپٹو کرنسی ٹریڈنگ کے نام پر لوگوں کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے والے ایک منظم بین ریاستی سائبر گروہ کا پردہ فاش کیا ہے ۔گروہ نے دہلی کے ایک رہائشی کو آن لائن بھاری منافع اور کمیشن دینے کا وعدہ کرکے 4.29 لاکھ روپے کا دھوکہ دیا تھا۔ اس کیس کی تحقیقات کے بعد پولیس نے راجستھان اور مدھیہ پردیش میں چھاپے مارے اور گینگ کے چھ سرگرم ارکان کو گرفتار کیا۔ تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمین نے دھوکہ دہی کے لیے میول بینک اکاؤنٹس، فرضی بینکنگ کریڈینشیل اور اے ٹی ایم کے ذریعے کیش نکالنے کا ایک مکمل نیٹ ورک بنا رکھا تھا۔
جنوب مغربی ضلع کے ڈپٹی کمشنر پولیس امت گوئل نے منگل کو بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت راجستھان کے جے پور کے کھاپریا ، کالاڈیرا کے رہائشی28 سالہ سریش کمار یادو،جے پور دیہات کے سامودرہائشی 36سالہ پورن مل یادو، مدھیہ پردیش کے اندور کے آزاد نگر کے رہائشی 22 سالہ عرشان محمد،23سالہ غفران قریشی، اندورکے مہو کے رہائشی 19 سالہ ابھیجیت پاٹیدار اور 19 سالہ آرین راٹھور کے طور پر کی گئی ہے ۔

