تاثیر 23 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
زمین پر قبضہ اور توڑ پھوڑ کے معاملے میں چار گھنٹے سے زائد تلاشی، اسٹامپ پیپر اور اراضی سے متعلق دستاویزات ضبط
مظفر پور (نُزہت جہاں)
مُظفّرپور: سیتامڑھی کے بیلسنڈ اسمبلی حلقہ سے لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے رکنِ اسمبلی امیت کمار رانو کے مُظفّرپور واقع نجی مکان پر اتوار کی صبح پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا۔ تین ایس ڈی پی او کی قیادت میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں نے مکان کو گھیر کر چار گھنٹے سے زائد وقت تک تلاشی لی۔ پولیس کے مطابق چھاپہ ماری کے دوران کئی اسٹامپ پیپر، زمین سے متعلق کاغذات اور تعمیراتی کمپنی سے وابستہ دستاویزات برآمد کرکے ضبط کیے گئے ہیں۔ پولیس کو ایک دستخط شدہ اسٹامپ پیپر بھی ملا ہے، جسے ابتدائی طور پر مشتبہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ایس ایس پی کانتیش مشرا کے مطابق 20 اگست کو اہیاپور تھانہ علاقہ کے جھپہاں ڈیھ میں زمین کی باؤنڈری اور زیرِ تعمیر مکان میں توڑ پھوڑ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ تحقیقات کے دوران رکنِ اسمبلی کے بھائی سونو سنگھ کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کی بات سامنے آئی۔ پولیس رکنِ اسمبلی امیت کمار رانو کے کردار کی بھی جانچ کر رہی ہے۔ شکایت کے مطابق تقریباً 70 سے 80 افراد جے سی بی اور دیگر گاڑیوں کے ساتھ موقع پر پہنچے تھے۔ الزام ہے کہ پہلے گیٹ کا تالا توڑا گیا اور اس کے بعد جے سی بی کی مدد سے چہار دیواری گرا دی گئی۔ مخالفت کرنے پر زمین کے مالک اور دیگر افراد کے ساتھ بدسلوکی اور مارپیٹ کا بھی الزام لگایا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے موقع سے حاصل ویڈیو فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر دو پراپرٹی ڈیلروں کو گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران رکنِ اسمبلی اور ان کے بھائی کے مبینہ کردار سے متعلق معلومات سامنے آئیں، جس کے بعد عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرکے رکنِ اسمبلی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپہ ماری سے قبل ہی سونو سنگھ گھر سے نکل چکے تھے اور پولیس ان کی تلاش کر رہی ہے۔ اس معاملے میں پہلے ایک ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جس کے بعد مزید شکایات بھی درج ہوئی ہیں۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ رکنِ اسمبلی، ان کے بھائی اور معاملے میں نامزد و نامعلوم ملزمان سے منسلک بینک کھاتوں کے لین دین کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ متعلقہ جائیدادوں کا جائزہ لے کر ضبطی کی کارروائی کے لیے تجویز تیار کی جا رہی ہے۔
معاملے کے مالی پہلوؤں کی جانچ کے لیے اقتصادی جرائم یونٹ کو بھی معلومات فراہم کی جائیں گی۔ پولیس کے مطابق تحقیقات میں دستاویزات، ویڈیو فوٹیج، بینک لین دین اور دیگر شواہد کو شامل کیا جائے گا اور تحقیقات کی بنیاد پر آئندہ قانونی کارروائی کی جائے گی۔
تاہم رکنِ اسمبلی امیت کمار رانو یا ان کے بھائی سونو سنگھ کی جانب سے ان الزامات پر اب تک کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

