تاثیر 05 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، 05 اگست: اتر پردیش اسمبلی کے مانسون اجلاس میں بدھ کے روز بھی ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی جاری رہی۔ اسمبلی میں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے احتجاج پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ سماج وادی پارٹی جمہوریت، دلتوں اور سماج کی مخالف جماعت ہے۔ اس کا ترقی سے کوئی سروکار نہیں، اسی لیے وہ ضمنی بجٹ پر ہونے والی بحث میں ترقی کے موضوع پر بات نہیں کر رہی، جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت ترقی کے لیے پْرعزم ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے سماج وادی پارٹی کو ترقی، نوجوانوں، خواتین اور جمہوریت مخالف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے 59 ہزار کروڑ روپے سے زائد کا ضمنی بجٹ پیش کیا، لیکن ایس پی نے اس میں بھی مختلف رکاوٹیں پیدا کیں، حالانکہ اس بجٹ میں آنگن واڑی کارکنوں، مڈ ڈے میل کی باورچی خواتین، راشن ڈیلروں، چوکیداروں اور آشا کارکنوں کے اعزازیہ میں اضافہ اور ایکسپریس ویز کی تعمیر جیسے اہم منصوبے شامل ہیں، جن سے معاشرے کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچے گا۔

