تمل ناڈو میں 2027 کے پونگل سے سالانہ تین مفت ایل پی جی سلنڈر، 1.38 کروڑ خاندان مستفید ہوں گے

تاثیر 24 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

چنئی، 24 اگست: تمل ناڈو میں مستحق خاندانوں کو سال میں تین مفت گھریلو گیس سلنڈر فراہم کرنے کی اسکیم 2027 میں پونگل کے تہوار سے شروع کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ وجے نے پیر کو اسمبلی میں اس کا اعلان کیا۔ اس اسکیم کے تحت اہل گھریلو خواتین کو ہر سال تین ایل پی جی سلنڈر مفت فراہم کیے جائیں گے۔
تمل ناڈو اسمبلی میں مختلف محکموں کی گرانٹ سے متعلق مطالبات پر بحث 17 اگست سے جاری ہے۔ دو روز کی تعطیل کے بعد پیر کی صبح ساڑھے 9 بجے اسمبلی کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی۔ اسی دوران وزیر اعلیٰ وجے نے اسمبلی کے ضابطہ 110 کے تحت مفت ایل پی جی سلنڈر اسکیم کا اعلان کیا۔حکومت نے اس اسکیم کو ’انّ پورنی سپر 6‘ کے تحت نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے لیے ہر سال تقریباً 4 ہزار کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔ حکومت کے مطابق، اس اسکیم سے ریاست کے 1 کروڑ 38 لاکھ 16 ہزار 104 خاندان مستفید ہوں گے۔
اس اسکیم کے دائرے میں سالانہ 2.5 لاکھ روپے تک آمدنی والے معاشی طور پر کمزور خاندانوں کے علاوہ چھوٹے اور معمولی کسانوں کے خاندان اور معذور افراد کے خاندان بھی شامل ہوں گے۔