استاد بسم اللہ خان کو ان کی برسی پر یاد کیا گیا

تاثیر 21 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

وارانسی، 21 اگست: شہنائی کے شہنشاہ بھارت رتن استاد بسم اللہ خان کی 20ویں برسی جمعہ کو اتر پردیش کے وارانسی میں واقع درگاہ فاطمین میں منائی گئی۔ استاد بسم اللہ خان چیریٹیبل ٹرسٹ کی پہل پر اہل خانہ اور مداحوں نے درگاہ فاطمین میں استاد کے مزار پر حاضری دی۔ قبر پر گلہائے عقیدت نذر کرنے کے بعد قرآن خوانی اور دعائے مغفرت بھی کی گئی۔
اس کے بعد استاد کے صاحبزادوں آفاق حیدر اور رضوان حیدر نے شہنائی بجا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ بلال علی نے دکّڑ بجا کر اپنے دادا کی روایت کی پیروی کی۔ اس دوران قریبی رشتہ دار پرمود ورما اور پروگرام کوآرڈینیٹر شکیل احمد جادوگر بھی موجود تھے۔ قابل ذکر ہے کہ شہنائی کے شہنشاہ نے 21 اگست 2006 کو آخری سانس لی۔ استاد مرحوم کے چاہنے والے اور اہل خانہ سال میں دو بار ان کے یوم پیدائش اور یوم وفات پر ان کی قبر پر جاتے ہیں اور فاتحہ خوانی کرکے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔