تاثیر 01 اگست ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، یکم اگست: بھارتی بحریہ میں ڈائریکٹر جنرل نیول آپریشنز کے عہدے پر خدمات انجام دینے والے وائس ایڈمرل اے این پرمود نے ہفتہ کو بھارتی بحریہ کے نائب سربراہ (وائس چیف آف نیول اسٹاف) کا عہدہ سنبھال لیا۔ انہوں نے وائس ایڈمرل ترون سوبتی کی جگہ لی ہے، جو 38 برس سے زائد کی شاندار خدمات کے بعد 31 جولائی کو ریٹائر ہوئے۔بھارتی بحریہ کے مطابق، نیول اکیڈمی، گوا کے 38ویں انٹیگریٹڈ کیڈٹ کورس کے سابق طالب علم وائس ایڈمرل اے این پرمود یکم جولائی 1990 کو بھارتی بحریہ میں شامل ہوئے تھے۔ وہ سی کنگ ایئر آپریشنز آفیسر اور کمیونیکیشن و الیکٹرانک وارفیئر کے ماہر ہیں۔ انہوں نے ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج، ویلنگٹن اور نیول وار کالج، گوا سے نیول ہائر کمانڈ کورس بھی مکمل کیا ہے۔36 برس سے زائد پر محیط اپنے فوجی کیریئر میں انہوں نے بحری اوربری دونوں محاذوں پر مختلف کمانڈ، آپریشنل، تربیتی اور اسٹاف ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔بحری خدمات کے دوران انہوں نے گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر آئی این ایس راجپوت میں ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس کے علاوہ وہ اینٹی سب میرین وارفیئر پیٹرول ویسل آئی این ایس ابھیے، لینڈنگ شپ ٹینک (لارج) آئی این ایس شاردول اور گائیڈڈ میزائل فریگیٹ آئی این ایس ستپورا کی کمان بھی سنبھال چکے ہیں۔ گلوان واقعے کے بعد شروع کیے گئے آپریشن اسنو لیپرڈ کے دوران وہ ویسٹرن فلیٹ میں فلیٹ آپریشنز آفیسر بھی رہے۔

